راولپنڈی؍ اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی) ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 جنوری 2025 ء کو صوبہ خیبر پی کے میں تین الگ الگ معرکوں کے دوران 19 خوارج ہلاک کر دیئے گئے۔ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں 8 خوارج واصل جہنم ہوگئے۔ ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تیسری کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور تین خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران مادر وطن کے تین بہادر سپوت لانس حوالدار عباس علی (38 سال، ضلع غذر)، نائیک محمد نذیر (37 سال، ضلع سکردو)، اور نائیک محمد عثمان (37 سال، ضلع اٹک) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاقے میں موجود کسی بھی خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت عطا کرتی ہیں۔ دوسری طرف نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خیبر پی کے بارڈر کے قریب دہشتگردوں کے دو ٹھکانے گرا دیئے گئے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ستی جادے والی میں مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگرد پہاڑیوں کی طرف بھاگ گئے۔ سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پی کے میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز اور کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 3 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے کہا پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشگردوں کو واصلِ جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز اور جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 3 بہادر جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ پیپلز پارٹی انتہاپسندی و دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔